خواتین کون سا کام کریں، کون سا بزنس کریں؟

از قلم : حامد حسن
ایسی خواتین جو جاب کرنی چاہتی ہیں یا اپنا کام کرناچاہتی ہیں وہ اس پوسٹ کو آخر تک لازمی پڑھیں۔۔۔
سب سے پہلے بات کریں ہمارے اخبارات کے اشتہارات کی تو ہمارے اخبارات میں جو کلاسیفائڈس ہوتے ہیں یہ 90فیصد جھوٹ پر مبنی ہوتے ہیں، ان میں دی گئی جابز صرف لوٹ مار، دھوکہ، فراڈ پر مبنی ہوتی ہیں۔ اخبارات کا کام دھندا چلتا ہی انہی اشتہاروں سے ہے۔ اور یہاں ایسا کوئی خاص قانون نہیں جہاں ویری فکیشن کیا جائے۔ اور اخبارات نے باقاعدہ چھوٹا سا نوٹ لکھ رکھا ہوتا ہے کہ ہمارا کسی اشتہار سے کوئی تعلق نہیں۔کوئی معاملہ کریں اپنی صوابدید پر کریں، ہم ذمہ دار نہیں.
ایسی کمپنیاں جو مارکیٹنگ کرنے کا کہیں، اپنے آپ کو انٹرنیشنل، ملٹی لیول مارکیٹنگ MLM کمپنیاں ظاہر کریں ایسی کمپنیاں سوائے زلالت، دھوکہ، فراڈ اور جھوٹ کے سوا کچھ بھی نہیں.
جاب کی خواہش مند خواتین کے ساتھ ہمارے اداروں، دفاتر، فیکٹریوں اور کمپنیز میں جو سلوک کیا جاتا ہے وہ ایک دردناک المیہ ہے.
خاص کر ایسی خواتین جن کو گھریلو حالات، معاشی مجبوریاں گھر کی دہلیز سے نکلنے پر مجبور کر دیتی ہیں یہ معاشرے کے ناسوروں اور درندوں کی ہوس کا آسانی سے شکار ہوجاتی ہیں۔مرد ایسی خواتین کو اچھی جاب، بہترین مستقبل، اور سنہری خواب دکھا کر ان کی عزت اور زندگی سے کھلواڑ کر جاتے ہیں.
ہمارے اخبارات میں سنڈے کلائسفائڈکے نام پر جو بیغیرتیاں اور جھوٹی جابز کی بھرمار ہوتی ہے اللہ کی پناہ 90فیصد جابز اس میں فیک اور دھوکہ دہی پر مبنی ہوتی ہیں.
آن لائن ارننگ کمپنیاں، ملٹی مارکیٹنگ کمپنیاں، ایڈوٹائزنگ کمپنیاں ایسی مجبور اور لاچار عورتوں کو آسانی سے شکار بناتی ہیں.
جاب کی تلاش میں کوئی لڑکی ان کمپنیوں کے اشتہارات دیکھ کر رابطہ کرتی ہے تو سب سے پہلے اس کی آواز سے اس کی جانچ کی جاتی ہے، پھر انٹرویو کی غرض سےآفس بلایا جاتا ہے یہاں گھاگھ  قسم کے درندہ صفت مرد اس لڑکی کے معاشی حالات، گھریلو مجبوریوں، اور غربت کو دیکھتے ہوئے ایسی جاب اور سیلری کی آفرکرتے ہیں کہ سیدھی سادھی لڑکیوں کے وہم و گمان میں بھی اتنی سیلری نہیں ہوتی لہذا وہ فوراً حامی بھر لیتی ہیں.
یہ فراڈی لوگ مزید لالچ اور مستقبل کے سنہرے خواب دکھاتے ہیں کہ کمپنی میں آپ کو باقاعدہ پارٹنر بنایا جا رہا ہے، اور آپ کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیاگیا ہے کہ آپ کو کمپنی کا ایگزیکٹیوممبر بنایا جائے۔ پھر یہ لوگ چالاکی سے اسی کے نام پر بینک اکاؤنٹ کھلواتے ہیں، اسی کا موبائل نمبر استعمال کیا جاتا ہے، اسی کا ایڈریس وغیرہ استعمال کیا جاتا ہے.
لڑکی مستقبل کے سنہرے خواب سجائے ان کی جال میں پھنستی چلی جاتی ہے۔ وہ سمجھتی ہے کہ کمپنی مجھ پر بے انتہا مہربان ہے، اتنا شاندار مستقبل میرا منتظر ہے، اسی تناظر میں یہ شاطر عیار، مکار اور بے غیرت لوگ عزتوں سے کھلواڑ بھی کرتے ہیں اور اپنے فراڈز اور معاملات میں اس لڑکی کو فرنٹ پر رکھ کر کام کرتے ہیں۔ جب ان کا مقصد پورا ہوجاتا ہے، تو اچھا خاصا پیسہ لوٹ لیتے ہیں اور  پھر یہی لڑکی پھنستی ہے اور پھنستی ہی چلی جاتی ہے۔چونکہ پیسوں کا لین دین، کالنگ، ڈیلنگ ایسی لڑکیوں نے کی ہوتی ہے تو متاثرین بھی اسی لڑکی کوپکڑتے ہیں.
عموماً یہ ہوتا ہے کہ لڑکیاں اپنی مجبوریوں، معاشی حالات کی وجہ سے گھر نکلتی ہیں مگر المیہ یہ ہے کہ معاشرہ بھیڑیوں اور درندوں سے بھرا ہوا ہے، جہاں بھی جاؤ تعلیم سے زیادہ اہمیت خوبصورتی کو دی جاتی ہے۔پڑھی لکھی لڑکی اگر خوبصورت نہیں تو وہ رُلتی رہتی ہے، کہیں جاب مل بھی جائے تو انتہائی کم معاوضے پر، اس کے برعکس اگر کوئی لڑکی خوبصورت ہو، بے شک زیادہ پڑھی لکھی نہ ہو۔ اسے پرسنل سکریٹری اور اچھی جاب دینے کا واضح مقصد ہی ہوس اور مجبوری سے فائدہ اٹھانا ہوتا ہے.
پھر اس سے زیادہ افسوس اور دکھ کا مقام یہ ہے کہ موجودہ دور میں خفیہ کیمرے، موبائل، انٹرنیٹ نے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی۔ایک بار کسی عزت دار گھر کی لڑکی کی ویڈیو بن گئی تو ساری عمر کے لئے غلامی مقدر ہے جب تک وہ بھیڑیا نہ مر جائے یا وہ لڑکی نہ مر جائے، ویڈیوز بنا کر عمر بھر کے لئے بلیک میل کیا جاتا ہے۔ عزتوں سے بھی کھلواڑ کیا جاتا ہے اور رقم بھی اینٹھی جاتی ہے.
خواتین سے گزارش ہےایک بات ذہن نشین کر لیں کہ
یہ جدت کا دور ہے، انٹرنیٹ کا دور ہے، ڈیجیٹل دور ہے۔
آپ گھر بیٹھے باعزت طریقے سے بہترین انکم حاصل کر سکتی ہیں.
آپ پڑھی لکھی ہیں، پڑھانے کا تجربہ ہے تو آن لائن ٹیوشن پڑھائیں۔
کوئی اسکل سیکھ کر فری لانسنگ اور آن لائن سروسز کے ذریعے انکم حاصل کریں۔
آپ کے ہاتھ میں ذائقہ ہے تو گھر کے کسی محرم کے ساتھ مل کر ٹفن سروس شروع کریں۔
کوئی پروڈکٹس ہیں تو ان کو آن لائن بیچیں، اپناآن لائن اسٹور بنا کر اچھی انکم حاصل کریں۔
اس وقت فری لانسنگ میں خواتین کی بہت مانگ ہے،کوئی ایک اسکل پروفیشنل لیول پر سیکھ لیں ان شاء اللہ عمر بھر سوچ سے زیادہ اچھی انکم حاصل کریں گی۔
گرافکس ڈیزائننگ، ویڈیو ایڈیٹنگ، وائس اؤر،ویب ڈویلپمنٹ، ایپ ڈویلپمنٹ،ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ایس ای او، مینجمنٹ، ٹرانسلیشن، کنٹینٹ رائٹنگ، کمپوزنگ، ورچوئیل اسسٹنٹس اور دیگر بہت ساری اسکلز ہیں جن کے ذریعے آپ بہت اچھی انکم حاصل کر سکتی ہیں۔
آن لائن فیلڈ میں بہت کچھ کیا جا سکتا ہے، آپ کی صلاحیتیں، آپ کی تعلیم، آپ کی محنت اللہ کے فضل و کرم سے آپ کو سوچ سے زیادہ بہترین انکم دے سکتی ہے۔
اس لئے احتیاط کریں۔
ایسی کوئی بھی کمپنی جو ملٹی نیشنل ہونے کا دعویٰ کرے، ملٹی لیول مارکیٹنگ بتائے، ریفریل بنانے کا کہے، مزید کلائنٹ جوائن کرنے کا بولے، پروڈکٹس سیل کروا کر کمیشن کا کہے، اپنی ٹیم بنانے کا کہے تو ایسی کمپنی سے سینکڑوں میل دور بھاگ جائیں۔
ایسی کمپنیوں کی نمائندہ خواتین ہوتی ہیں، جن کی سٹوریز اور ویڈیو بڑھا چڑھا کر پیش کی جاتی ہے۔ یہ سب باقاعدہ پلان شدہ ہوتی ہیں۔حقیقت میں ایسا کچھ بھی نہیں ہوتا۔
اپنی اور اپنے چاہنے والوں کی عافیت کی دعا مانگیں، خود کی بھی حفاظت کریں اور اپنے چاہنے والوں کی حفاظت کے لئے بھی کوشاں رہیں۔
اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو.

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے